ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں /   بیروت: حزب اللہ اور امل موومنٹ کے عناصر نے شہری کی گاڑی جلا دی

  بیروت: حزب اللہ اور امل موومنٹ کے عناصر نے شہری کی گاڑی جلا دی

Tue, 17 Dec 2019 18:48:56    S.O. News Service

 بیروت 17دسمبر (آئی  این ایس انڈیا) لبنان کے دارالحکومت بیروت کے وسطی علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک بار پھر کشیدگی پھیل گئی۔ العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے نمائندے کے مطابق امل موومنٹ اور حزب اللہ ملیشیا کے عناصر نے مذکورہ علاقے کی سمت رِنگ بِرج کو عبور کرنے کی کوشش کی۔نمائندے نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور انسداد ہنگامہ آرائی کی فورس نے امل موومنٹ اور حزب اللہ کے عناصر کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ الشہداء اسکوائر تک پہنچنے میں ناکامی کے بعد مذکورہ عناصر نے بیروت کے وسط میں ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔ اس دوران بیروت کے وسط میں عسکری کمک پہنچ گئی جب کہ لبنانی میڈیا نے بتایا ہے کہ دارالحکومت کے وسطی علاقے میں واقع الشہداء اسکوائر پر مظاہرین کے خیموں کو نذر آتش کر دیا گیا۔دوسری جانب لبنان میں اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار یان کوبیچ نے اپنی ٹویٹ میں کیا ہے کہ بحران کے سیاسی حل میں التوا،اشتعال انگیزی اور سیاسی کھلواڑ کے لیے زرخیز زمین تیار کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ذمے دار نے زور دیا کہ گذشتہ دو روز کے دوران پیش آنے والے افسوس ناک واقعات بالخصوص سیکورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ادھر فری پیٹریاٹک موومنٹ نے (جس کے سربراہ نگراں حکومت کے وزیر خارجہ جبران باسیل ہیں) وقت کے ضیاع کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ ایک مؤثر ریسکیو گورنمنٹ کے حوالے سے لبنانی بلاک کی تجویز پر آمادگی کا اظہار کیا جائے۔فری پیٹریاٹک موومنٹ نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کو دہرایا ہے کہ نئی حکومت کی سربراہی کے لیے جلد از جلد ایسا نام چنا جائے جس پر تمام فریق متفق ہوں۔


Share: